اسلام آباد (پاک صحافت) آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام محنت کش بلاول کا ساتھ دیکر ان کے ہاتھ مضبوط کریں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بینظیر بھٹو شہید نے محنت کشوں کی ہمیشہ طرفداری کی تھی لیبر اصلاحات کے ذریعے مزدوروں سے ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا تھا۔
آصف زرداری کا مزید کہنا ہے کہ آج بدترین مہنگائی کی وجہ سے محنت کش طبقہ معاشی بدحالی کا شکار ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت نے وفاق میں بینظیر ایمپلائیز اسٹاک آپشن اسکیم کے تحت سرکاری صنعتی اداروں میں محنت کشوں کو شراکت دار بنایا تھا۔ پیپلزپارٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن میں ریکارڈ اضافہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام محنت کشوں کی حمایت سے پیپلزپارٹی دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد محنت کشوں کی مشکلات کو ترجیحی بنیاد حل کرے گی۔ روٹی کپڑا اور مکان پیپلزپارٹی کا منشور ہے ہم قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے منشور پر عمل پیرا ہیں، بلاول بھٹو اپنے نانا شہید اور والدہ شہید کی طرح محنت کشوں کا ساتھ دینگے۔