لاہور (پاک صحافت) ملک میں بڑھتی مہنگائی پر پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پی آئی اے ایف) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ پیاف کا کہنا ہے کہ بڑھتی مہنگائی سے معاشی نشو نما متاثر ہو رہی ہے۔ کاروباری طبقہ پریشان ہے ،متعلقہ حکام اس پر ایکشن لیں تاکہ مہنگائی میں بتدریج کمی ہوسکے، حکومت ضروریات زندگی کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کو کنٹرول کرنے کیلئے انکی قیمتوں کو کم کر کے منجمد کریں اور اس پر سختی سے عمل کروائیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) کے سینئر وائس چیئرمین ناصر حمید خان اور وائس چیئرمین جاوید اقبال صدیقی نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کم کرنے کیلئے حقیقی معنوں میں عملی اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16جون سے ابتک 6 بار اضافہ کیا جا چکا ہے جو مہنگائی میں اضافے کا باعث ہے، فیول کی قیمتیں بڑھنے سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پریس کانفرنس کے دوران ناصر حمید خان نے کہا کہ حکومت دوسری طرف لوگوں کی قوت خریدمیں بھی اضافہ کرے تاکہ ڈالر پٹرول بجلی اور دیگر اشیاء کی قیمتیں بڑھنے کے ساتھ عام آدمی پر اتنا فرق نہ پڑے۔ ملک میں کاروبار کرنے کی لاگت میں اضافے نے صنعت کاروں اور تاجروں کی زندگی کو اور بھی مشکل بنا دیا ہے، ملک میں پیداواری لاگت کے بڑھنے کی وجہ سے انڈسٹریز اور ٹریڈرز کو بتدریج نقصان پہنچ رہا ہے۔