لاہور (پاک صحافت) بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ ایک سیاسی جماعت ملک کے دیگر ممالک سے تعلقات خراب کرانا چاہتی ہے، ملک مخالف ایجنڈے کے تمام تانے بانے پی ٹی آئی سے ملتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی اور حکومت کے قانونی امور کے ترجمان بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت ملک سے ہابر ملک مخالف کام کررہی ہے، اس سیاسی جماعت نے تمام حدیں پار کردی ہیں، ملک مخالف افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔ پاکستان کو 1947 سے اب تک سکیورٹی اور فوجی امداد ملتی ہے، لیکن پی ٹی آئی کا اوورسیز چیپٹر ہر فارم پر ملک مخالف ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔
عقیل ملک کا مزید کہنا تھا کہ چند عناصر ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، پاکستان کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیتا، تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، گزشتہ سال سے ملک مخالف ایجنڈے میں تیزی آئی ہے۔ ایک جانب یہ سوال اٹھایا گیا تھا کہ کیا ہم غلام ہیں اور دوسری جانب لابنگ فرمز ہائر کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے زور و شور سے کام کیا گیا، ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ کے بعد کانگریس ارکان کو لابسٹ فرمز سے تیار کیا گیا۔ کانگریس وومن کی جانب سے بھی 3 قرار دادیں پیش کی گئی، ترمیم میں پاکستان کی ملٹری اور سکیورٹی امداد روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔