کراچی (پاک صحافت) وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جعلی ادویات کی خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاون جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے بڑے شہروں میں بھر کاروائیاں جاری ہیں جبکہ ڈریپ کی ٹیم نے کراچی میں دو بڑی کاروائیاں کی ہیں۔ ڈرگ کنٹرول ٹیم نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور سندھ پولیس کے ہمراہ سعود آباد ریڈ کیا جہاں پر ان رجسٹرڈ ادویات کی پروڈکشن جاری تھی۔
وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ ملزمان کیخلاف بھرپور قانونی کارروائی کی جائے گی، جعلی اور ان رجسٹرڈ ادویات کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ جعلی اور ان رجسٹرڈ ادویات کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے کیونکہ ہم کوالٹی اور معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔