اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس ہوا، برآمدات میں اضافے پر مشاورت و تجاویز پیش کی گئیں، شرکاء نے حکومتی اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات اور انکو قائل کرنے کے بعد بجلی کی قیمتوں کی کمی کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا ک بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتوں کی پیداواری لاگت کم ہوگی، پیداواری لاگت کم ہونے سے اضافی پیداوار اور نتیجتاً برآمدات میں اضافہ ہوگا، مقامی صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے سے پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر مسابقت ممکن ہوسکے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ جامع مشاورتی عمل سے پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول انشاء اللہ جلد ممکن ہوگا، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے اصلاحات کے ذریعے کاروبار و سرمایہ کاری میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔