شیری رحمان

ملزمان کو چھڑانے کی دھمکی سیاسی جماعتیں نہیں مسلح گروہ دیتے ہیں، شیری رحمٰن

اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کی دھمکی آمیز تقاریر پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کی جلسے میں اداروں اور عدلیہ کو دھمکیاں قابلِ مذمت ہیں۔ ایک بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ کیا تحریکِ انصاف چاہتی ہے کہ انصاف کا نظام جلسے اور جتھے چلائیں؟ ملزمان کو جتھوں کی مدد سے چھڑانے کی دھمکی سیاسی جماعتیں نہیں مسلح گروہ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف ایک بار پھر پُرتشدد اور انتشار کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے، پی ٹی آئی آج تک 9 مئی سے نہیں سیکھی۔ شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ کیا اب بھی ان کو لگتا ہے کہ دھمکیوں، تشدد اور انتشار کی سیاست میں کوئی جگہ ہے؟ ہمارے قائدین نے بھی جیل کاٹی ہے، ہم نے کبھی یہ دھمکی نہیں دی کہ ہم جتھوں اور تشدد سے اپنے قائدین کو رہا کرائیں گے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ اداروں نے ان سے بات کرنے سے انکار کیا تو یہ پھر دھونس دھمکیوں پر اتر آئے ہیں۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما شاہدہ رحمانی نے علی امین گنڈاپور کی خواتین کے بارے میں نازیبا زبان کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی عزت ہر حال میں لازم ہے، چاہے وہ کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھتی ہوں۔ شاہدہ رحمانی کا کہنا ہے کہ خواتین کے بارے میں اس قسم کی گُفتگو کو کسی طور پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی فضول گوئی علی امین گنڈاپور کی تربیت کی عکاسی کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان کی لبنان میں بذریعہ الیکٹرانک آلات اسرائیلی دہشتگردی کی مذمت

اسلام آباد (پاک صحافت) دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے