اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اتحادی حکومت کی کوششوں سے معیشت کا گرتا ہوا گراف اب رک گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سندھ میں سیلاب سے متعلق ریلیف کا کام ہوچکا ہے، جہاں تک بحالی کے کام کی بات ہے اس پر رپورٹ بنائی گئی تھی، رپورٹ کے مطابق 30 ارب ڈالر کے نقصانات ہوئے۔ جمعہ کو وزیراعلی سندھ اور پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات ہوئی، ہم روڈ میپ بناچکے ہیں آج دوبارہ میٹنگ ہورہی ہے، یہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے آج یہ حل ہو جائے گا۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ مکانات کی تعمیر کے لیے 16.3 بلین ڈالر درکار ہیں، 16 میں سے 11 ارب سندھ میں خرچ کیے جائیں گے، کوشش ہے ایسی تعمیرات ہوں کہ دوبارہ سیلاب آئے تو زیادہ نقصان نہ پہنچے۔ ہم نے چارٹر آف اکانومی بنانے کی کوشش کی، بجٹ کے بعد چارٹر آف اکانومی کےلیے ہم کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نہیں پتا کب تک حکومت اور کب اپوزیشن میں ہوں گے، ہر بار بجٹ پیش کرتے ہوئے کوشش کی کہ چارٹر آف اکانومی بنالیں، بجٹ پر اتحادیوں کے خدشات پر آج میٹنگ بلائی ہے، کوشش کی کہ ایک روڈ میپ بن جائے ، میثاق جمہوریت بنالیں۔