لاہور (پاک صحافت) وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے زیرِ پرستی بہترین کام ہوا ہے، ملک میں معاشی استحکام چاہتے ہیں تو پرائیوٹائزیشن کی طرف جانا ہو گا۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کے بارے میں بات کرنی چاہیے کہ اس وقت کہاں کھڑے ہیں، پچھلے 9 سے 10 ماہ گزرنے کے بعد ہمارے پاس ایک فیز آ گیا ہے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آج جو تجاویز آئی ہیں میں ان سے متعلق بہت کلیئر ہوں، تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت کے ساتھ چلیں گے، جو تاجر بھائی ٹیکس نیٹ کے باہر ہیں وہ خود ٹیکس نیٹ پر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر طرح کی سہولت دیں گے، ٹیکس نیٹ سے پیچھےنہیں ہٹیں گے، سہولتیں مہیا کریں گے، مذاکرات کریں گے لیکن ٹریک سے پیچھے نہیں جائیں گے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آج کی کانفرنس میں بہترین تجاویز پیش کی گئیں، گزشتہ مالی سال میں خسارہ ایک ملین ڈالر سے کم ہوا ہے، کرنسی اس وقت مستحکم ہے، پہلی بار فارن بائنگ ہوئی ہے۔ وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ نگراں حکومت کے دور کو بھی کریڈٹ جاتا ہے، جو اصلاحات لانی ہیں اس پر تجاویز نوٹ کر لی ہیں، ٹیکس، جی ڈی پی اور انرجی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کہیں سے تو شروع کرنا ہو گا، اگر شروع نہیں کریں گے تو ختم کیسے کریں گے، پرائیوٹ سیکٹر کے لوگوں کو بھی آن بورڈ لیا ہے۔ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نج کاری سے متعلق اسحاق ڈار نے بھی میٹنگ چیئر کی ہے، ہم سب لوگ ایک پیج پر ہیں، بین الاقوامی ہی نہیں قومی سرمایہ داروں کو بھی آن بورڈ لیں گے۔