اسلام آباد (پاک صحافت) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض میں دوسرے عرب اسلامی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کے حالات ابتر ہوچکے ہیں، اسرائیل عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کر رہا ہے، اسرائیلی فورسز غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کرچکا ہے، فلسطین کاز کے لیےعرب لیگ اور او آئی سی کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، فلسطینیوں کے حقوق کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنانا ہوگا۔
نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کو جنگی جرائم پر جواب دہ ٹھہرایا جائے، پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کاز کی حمایت کی ہے، غزہ میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہیں، فلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان نے فلسطینی بھائیوں کے لیے امدادی سامان پر مشتمل 12 کھیپ بھیجیں۔