اسلام آباد (پاک صحافت) مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اور معاملات طے پاگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ہونے والی ملاقات رنگ لے آئی ہے۔ بجٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی نے بھرپور شرکت کرکے اپنی رضا مندی ظاہر کردی۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی پیپلز پارٹی کے تمام تحفظات دور کرنے کی بڑی یقین دہانی کرادی گئی۔ پیپلز پارٹی بجٹ منظوری یعنی فنانس بل کی منظوری میں ساتھ دینے کا اعلان 24 جون تک کرے گی۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری 24 جون کو بجٹ پر اظہار خیال کریں گے، پیپلز پارٹی کی آئندہ حکمت عملی بھی اسی خطاب سے سامنے آئے گی، پیپلز پارٹی کو پی ایس ڈی پی خصوصاً پنجاب میں ترقیاتی فنڈز میں نظر انداز کرنے کے تحفظات تھے، پنجاب کی بیورو کریسی کے تقرر و تبادلوں سمیت دیگر امور پر بھی تحفظات تھے، بجٹ تیاری کے حتمی مرحلے پر اعتماد میں نہ لینے پر بھی پیپلز پارٹی نالاں تھی۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف کی طرف سے پہلے صدر مملکت کو اعتماد میں لیا گیا،وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اس کے بعد بلاول بھٹو سمیت اتحادی پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا، بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم کی ملاقات میں دونوں جانب کا موقف سنا گیا، سمجھا گیا، دونوں جانب سے با اختیار کمیٹیوں کے سپرد تمام تحفظات کئے گئے۔