اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ مستحکم عزم کی بنیاد پر دہشت گردی کو شکست دی جا سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی زیر صدارت نیکٹا کا تیسرا بورڈ آف گورنرز اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیکٹا کی متعدد انتظامی اور مالی سفارشات پیش کی گئیں۔ نیشنل کوآڈینیٹر نیکٹا، محمد طاہر رائے کی طرف سے وفاقی سطح پر نیشنل کائونٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ کے قیام کی سفارش کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے ایک سات رکنی کمیٹی تشکیل دینے اور مجوزہ تجویز پر جلد از جلد سفارشات مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے نیکٹا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر نیکٹا کی کاوشوں کی خاص طور پر تعریف کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نیکٹا کو موثر کردار ادا کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اپنے ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی کے ذریعے بہتر معاونت کی تلقین بھی کی۔