مسائل کا حل بات چیت سے ممکن؛ وفاقی وزیر کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش

مصدق ملک

اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کا حل بات چیت ہی کے ذریعے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے سیاست کو بدنام کردیا ہے جب کہ مسائل کا حل تو مذاکرات ہی سے ممکن ہے۔ آئیں بغاوت کو چھوڑیں، کشیدگی ختم کریں، ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کریں۔ ہم بات کرنے کی بات کرتے ہیں تو جواب ملتا ہے تم سے بات نہیں کرنی۔ ہم سے بات نہیں کرنی تو کیا دیواروں سے بات چیت کرنی ہے؟۔ آپ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں؟ یا امریکا سے کرنا چاہتے ہیں؟ ہم کسی کو غدار نہیں کہہ رہے، ہم تو ہر سیاسی جماعت سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کے دوستوں کو کبھی دشمن نہیں کہا، پاکستان میں استحکام کیلیے سیاست بہت اہم ہے۔ مسائل کا حل مذاکرات ہی میں مضمر ہے، مگر دوسری طرف سے قبر تک پیچھا کرنے کی بات کی جاتی ہے۔ رؤف حسن پر حملہ غیر مناسب ہے، واقعے کی تحقیقات ہونی چاہیے اور حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔ نواز شریف نے کہا تھا ہم چاہتے ہیں کہ ملک کو آگے لے کر جائیں، ایک پارٹی کے سوا ہم سب کے ساتھ سیاست کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ادارے اور سیاسی جماعت کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کو کہا کہ آپ حکومت بنائیں، ہم اپوزیشن میں بیٹھتے ہیں۔ پھر یہ لوگ کن سے بات کرنا چاہتے ہیں، کہتے ہیں امریکا نے سازش کی، یہ تو امریکا سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے