لاہور (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مریم نواز کی محنت سے پنجاب میں بہتری نظر آ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، وزیرآباد، حافظ آباد اور منڈی بہاؤ الدین سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، عوام کے مسائل اور حلقوں میں ترقیاتی کام زیر غور آئے۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کو صوبے میں بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آپ سب میری طاقت اور عزت ہیں، الحمدللہ، عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے، مریم نواز شریف کی محنت سے پنجاب میں بہتری نظر آ رہی ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی 12 سے 14 روپے میں مل رہی ہے، ہماری کارکردگی پر سب سے بڑا چیک عوام اور نوازشریف ہیں۔
دوران ملاقات ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے نواز شریف اور شہباز شریف کے دور اور کارکردگی کی یاد تازہ کر دی ہے، سیاسی تعصبات سے پاک شفافیت اور میرٹ پر ترقیاتی کاموں کی تکمیل خوش آئند اور مثبت سیاسی روایت ہے۔