مریم نواز کا نواز شریف انٹرنیٹ سٹی بنانے کا اعلان

مریم نواز

لاہور (پاک صحافت) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پہلا نوازشریف کے نام سے منسوب انٹرنیٹ سٹی بنانے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں تعلیم کی انقلابی طاقت کے عنوان سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچہ سکول میں داخل ہو اور سکول میں پڑھتا رہے اور کامیابی حاصل کرے جبکہ انہوں نے فورم میں گرلز ایجوکیشن کے لئے عالمی معاہدہ تشکیل دینے اور باہمی اشتراک کار سے تعلیمی پالیسی، تدریسی حکمت عملی اور فروغ تعلیم کے لئے اقدامات کی تجاویز بھی دیں۔ ریاست نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے با وقار سفارت کاری کے فروغ کے لئے فرینڈز آف ایجوکیشن کا ویژن بھی سامنے رکھا، ترکیہ کی اعلی یونیورسٹیوں کو پنجاب میں کیمپس قائم کرنے کی دعوت دی گئی۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ کے ادارے پنجاب میں نوجوانوں کے لئے اعلی مراکز قائم کریں، دونوں ممالک کی باہمی شراکت داری اور ایکسچینج پروگرام سے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں گے، ایسا مستقبل چاہتے ہیں جس پر پاکستان ہی نہیں بلکہ ترکیہ کی آئندہ آنے والی نسلیں بھی فخر کریں۔ ہم اجتماعی طور پر ہر وہ کام کرسکتے ہیں جو انفرادی طورپر مشکل نظر آتا ہے، ترک خاتون اوّل کی قیادت میں اناطولیہ ڈپلومیسی فورم کا انعقاد خوش آئند اور وویمن لیڈر شپ کا کامیاب ماڈل ہے، ہم مل جل کر تمام مسائل کے حل پر قادر ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی صدی کے تعلیمی اہداف سے ہم آہنگی کے لئے اساتذہ کی ٹریننگ اورنصاب پر توجہ دی جا رہی ہے، پنجاب میں تعلیمی اصلاحات کا مرکز و محور صرف اور صرف طالب علم ہیں، ہر طالب علم کی انفرادی ضروریات کو مدنظر رکھ کر لرننگ ماڈل متعارف کرایا جا رہاہے۔ آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے ہر طالب علم کی استعداد کا ر کے مطابق ایجوکیشنل پلیٹ فارم پر کام کیا جارہا ہے، 3 بار وزیراعظم منتخب ہونے والے محمد نوازشریف کے نام سے منسوب انٹرنیٹ سٹی بنایا جا رہاہے، پنجاب کے دل میں پاکستان کی پہلی آرٹیفشل انٹیلی جنس یونیورسٹی بھی قائم کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے