پشاور (پاک صحافت) مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے خیبرپختونخوا اور ہزارہ کا کامیاب دورہ کیا ہے جبکہ خواتین نے بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز خیبرپختونخوا اور ہزارہ کی خواتین کی مرکز نگاہ بن گئیں، تنظیمی دورے پر ایبٹ آباد آمد پر خطے کی پڑھی لکھی، پروفیشنلز اور گھریلو خواتین کی بڑی تعداد ملاقات کے لئے امڈ آئی، مریم نواز سے ملاقات کے لئے آنے والی خواتین میں بزنس ویمن، اساتذہ، ڈاکٹرز، سٹوڈنٹس اور دیگر شعبہ جات سے وابستہ خواتین شامل تھیں۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کے ساتھ خوشگوار ماحول میں طویل نشست ہوئی۔ اس موقع پر خواتین کا کہنا تھا کہ ہمیں بڑی خوشی ہے کہ آپ نے سیاست میں خواتین کی حوصلہ افزائی کی بات کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ خواتین مردوں کے معاشرے میں فیصلہ سازی میں اپنا کردار بڑھ چڑھ کر ادا کریں۔ ہزارہ موٹر وے بنانے پر خواتین نے نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیا اور خواتین نے پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے پر مریم نواز کو مبارکباد دی۔