لاہور (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے رنگ روڈ منصوبے میں وزیر اعظم عمران خان کو کرپشن کا مرکزی مجرم قرار دے دیا، مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب نے رنگ روڈ منصوبے میں بھی ’چالاکی‘ سے وہی کچھ کیا جو چینی اور آٹا اسکینڈل سبسڈی میں کیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورگزیب کی جانب سے جاری کئے گئے تازہ بیان میں کہا گیا ہے کہ رنگ روڈ منصوبے میں مزید انکوائری کی ضرورت نہیں، ثبوت عوام کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تسلسل ہے کہ چوری کے حکم دو، پھر دیہاڑی لگاؤ، افسروں سے کام کراؤ اور پھر ان کو قربانی کا بکرا بناؤ۔
واضح رہے کہ مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مزید کہا کہ عمران صاحب نے 4 فروری 2021ء کو رنگ روڈ منصوبے میں تبدیلیوں کی خود منظوری دی، پھر خود ہی انکوائری کرائی؟ واہ عمران صاحب واہ۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب اپنے ہی دیئے ہوئے حکم کی انکوائری کیوں کروا رہے ہیں، حکم دے کر کس کو فائدہ دیا اور منصوبہ روک کر کس کو فائدہ دے رہے ہیں؟