کراچی (پاک صحافت) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں زلزلے کے سبب ہوئے جانی نقصان پر انتائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زلزلہ متاثرین کی فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کیلئے جو بھی خدمت ہو ہم حاضر ہیں، اللّٰہ پاک قدرتی آفات سے اس ملک کو محفوظ رکھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہرنائی میں پیش آئے زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ شب کوئٹہ، سبی، ہرنائی سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں شدید زلزلے کے باعث 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہو گئے، زلزلے سے ہرنائی اور شاہرگ میں 70 سے زائد مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 9 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا، آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ مختلف علاقوں میں کئی افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوئے ہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔