اسلام آباد (پاک صحافت) عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ محمود اچکزئی کے ذریعے پی ٹی آئی سے مذاکرات کی کوئی بات نہیں ہوئی اور پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں تین الفاظ کا کوئی تذکرہ بھی نہیں ہوا، پی ٹی آئی کی باتوں میں کبھی صداقت نہیں ہوتی، اجلاس میں کسی نے پی ٹی آئی کا نام نہیں لیا، کسی نے مذاکرات کا ذکر کیا نہ بانی پی ٹی آئی کا کسی نے نام لیا۔
عرفان صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے خوابوں کی دنیا میں رہتے ہیں، دروازے پر ذرا سی آہٹ ہوتی ہے تو ان کی باچھیں کھل جاتی ہیں، کوئی ان کے دروازے پر دستک دینے نہیں آرہا اور اب انکی طرف رُخ کرنے والا کوئی نہیں۔ جو فصل آپ نے بوئی تھی، وہ کٹنے کے قریب آچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے فرسٹریشن کا شکار ہیں، صبح کچھ اور شام کو کچھ کہتے ہیں اور اصل میں پی ٹی آئی کے سر پر تلوار لٹک رہی ہے۔ انہیں محسوس ہو رہا ہے کہ 9 مئی منطقی انجام کو پہنچنے والا ہے۔ مقدمات کے خوف سے کہتے کہ ہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا بڑا ضروری ہے۔