لاہور (پاک صحافت) پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی سے پنجاب بار کونسل کی جیل ریفارمز کمیٹی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں نگراں وزیرِ اعلیٰ سے جیلوں میں قیدیوں کو بنیادی سہولتیں دینے کے لیے تجاویز پر بات چیت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بار کونسل کی جیل ریفارمز کمیٹی سے ملاقات کے دوران نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ جیلوں سے متعلق قابلِ عمل تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔جیل ریفارمز کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جیل میں قیدیوں کے کھانے کا بجٹ بڑھا دیا گیا ہے اور اہلِ خانہ سے فون پر گفتگو کا دورانیہ ماہانہ 300 منٹ کر دیا ہے۔ بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ جیل اسپتالوں کا انتظام محکمۂ صحت کے سپرد کیا جا رہا ہے، جیل میں قیدیوں کے لیے بیکری اور یوٹیلیٹی اسٹور بنائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جیل ریفارمز کمیٹی کو بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جیل اسٹاف کی کمی دور کرنے کے لیے خالی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی جا رہی ہے۔ پنجاب بار کونسل کے وفد نے قیدیوں کو فری لیگل ایڈ مہیا کرنے کی پیش کش کی ہے۔ چیئرمین کمیٹی عمران اکرم نے نگراں وزیرِ اعلیٰ کو جیل اصلاحات سے متعلق سفارشات پیش کیں۔