ماؤں کے عالمی دن پر نامور سیاسی شخصیات کے خصوصی پیغامات

اسلام آباد (پاک صحافت) ماؤں کے عالمی دن پر نامور سیاسی شخصیات نے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ سردار ایاز صادق نے دنیا بھر کی ماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماں کا رشتہ قدرت کا انمول تحفہ ہے، اس رشتے کا دنیا میں کوئی نعم البدل نہیں، ماں سے محبت کا اظہار کسی دن کا محتاج نہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماں کاعالمی دن غزہ اور کشمیر کی پُر عزم اور حوصلہ مند ماؤں کے نام کرتی ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ زندگی کی چلچلاتی دھوپ میں ماں ٹھنڈی چھاؤں کی مانند راحت و سکون ہے، میں ہمیشہ اپنی والدہ کلثوم نواز کی محبتوں کی شکر گزار رہوں گی، والدہ محترمہ کی دعاﺅں کی بدولت آج اس منصب پر ہوں۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مادرِ وطن پر جان قربان کرنے والے شہداء کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی ان ماؤں کو بھی سلام جن کے بیٹے شہید ہوئے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انسان کی کامیابی کے پیچھے ماں کی محبت، حوصلہ افزائی اور دعا ہوتی ہے اور ماں کی خدمت دراصل انسان کے کردار کی گواہی ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے