لندن (پاک صحافت) مسلم لیگ ن کے رہنما احسان الحق باجوہ نے لندن میں میاں محمد نواز شریف سے ایک اہم ملاقات کی ہے۔ جس میں ملک کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن گلف ریجن کے صدر چوہدری احسان الحق باجوہ نے نوازشریف سے ملاقات کرکے شہباز شریف کی ضمانت اور ڈسکہ ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں ایک طرف حکومتی مشنیری تھی جبکہ دوسری طرف نوازشریف کا بیانیہ تھا۔ ڈسکہ الیکشن آئندہ آنے والی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔
احسان الحق باجوہ نے نواز شریف کے بیانیئے کو پاکستان کے تمام مسائل کا حل قرار دیا۔ اپنے حلقے بہاولنگر میں مسلم لیگ ن کی کارکردگی اور حلقے کے مسائل سمیت دیگر قومی امور اور پاکستان کے معروضی سیاسی حالات نیز پی ٹی آئی کی حکومت کی جانب سے مسلم لیگ ن کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس موقع پر احسان الحق باجوہ کے ساتھ لندن میں مقیم ممتاز پاکستانی چوہدری عبداللہ بھی ہمراہ تھے۔