اسلام آباد (پاک صحافت) مختلف علاقوں میں لوگ مساجد میں بجلی کے بل جمع نہ کرانے کے اعلانات کرا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس نوعیت کے اعلانات کراچی سمیت ملک بھر کے متعدد شہروں کی مساجد میں کیے جارہے ہیں اور ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ ایسی ایک ویڈیو پنجاب کے شہر وزیرآباد سے بھی سامنے آئی ہے، جس میں ایک شخص مسجد کے لاﺅڈ سپیکر کے ذریعے اہل علاقہ کو بجلی کے بل ادا کرنے سے منع کر رہا ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اعلان کرنے والا شخص لوگوں کو یقین دہانی کرا رہا ہوتا ہے کہ بل ادا نہ کرنے پر جس کا کنکشن کٹے گا لوگ اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ ایسے اعلانات وزیرآباد کے نواحی علاقوں کی مساجد میں بھی کیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب بجلی کے ہوشربا بلوں کے خلاف کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ، راولپنڈی، لاہور، ملتان، اٹک، رحیم یار خان، گوجرانوالہ، پاکپتن، کوئٹہ، پشاور اور دیگر شہروں اور آزاد کشمیر میں بھی احتجاج کیا جارہا ہے۔
عوام کی طرف سے بجلی کے بلوں میں ریلیف کے ساتھ ساتھ یہ مطالبہ بھی کیا جارہا ہے کہ تمام سرکاری افسران کے بجلی کے مفت یونٹس بند کیے جائیں اور ان سے بھی بل وصول کیا جائے۔