لاہور میں کئی گھنٹے مسلسل بارش سے نظام زندگی مفلوج

بارش

لاہور (پاک صحافت) لاہور میں کئی گھنٹے مسلسل بارش سے نظام زندگی مفلوج، شاہراہیں تالاب بن گئیں، 2 لڑکے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں موسلادھار بارش نے سڑکوں اور گلیوں کو ندی نالے بنا دیا۔ واسا کے مطابق سب سے زیادہ بارش ائیرپورٹ اور گلشن راوی میں 200 ملی میٹر سے زائد ریکارڈ کی گئی۔ گلشن راوی میں 183 ملی میٹر اور شہر کے متعدد علاقوں میں 150 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بارش کا پانی جنرل اسپتال کی ایمرجنسی وارڈ کے گیٹ میں داخل ہوگیا۔ جناح اسپتال کے ایڈمن بلاک اور آوٹ ڈور کے سامنے بھی پانی جمع ہوگیا، چھتیں بھی ٹپکتی رہیں، پارکنگ میں موٹر سائیکلیں بھی ڈوب گئیں۔ بارش کے باعث آپریشن ملتوی کرنے پڑگئے، مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

نواں کوٹ اور شیرا کوٹ میں 2 لڑکے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ رائیونڈ میں چھت گرنے سے شبیر نامی شخص زخمی ہوگیا۔ انتظامیہ نے کئی علاقوں سے نکاسی آب کا کام مکمل کرلیا تاہم کئی علاقے اب بھی زیرآب ہیں۔

لاہور کے علاوہ قصور، شیخوپورہ، پاکپتن، چونیاں اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے