اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی خزانے کو لوٹنے کا حساب لیے بغیر الیکشن نہیں ہوں گے، الیکشن کا موزوں ترین وقت کون سا ہے یہ فیصلہ اب ہم نے کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے آئینی طریقے سے عمران نیازی کو اقتدار سے رخصت کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید کی ملک میں خانہ جنگی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، شیخ رشید کو گرفتاری کا خوف نہیں توضمانت قبل ازگرفتاری کیوں کرارہےہو؟ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ آج حکومت سے اور ریاستی اداروں سے الیکشن کی بھیک کیوں مانگتے ہو؟ اسمبلیاں توڑ کر الیکشن کرا دیتے، عمران نیازی کے پاس اختیار تھا، وقت پر اسمبلیاں توڑ دیتے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ 90 دن بعد الیکشن کی تاریخ دیں، عمران خان کو میں راضی کرونگا۔ انہوں نے کہا تھا کہ 90 دن میں الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے۔ شیخ رشید نے کہا تھا کہ سیاست ہاتھوں سے نکلتی جارہی ہے، لانگ مارچ میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ خوف ہے اسلام آباد لانگ مارچ خونی ہوگا، تمام پارٹیوں سے اپیل ہے الیکشن کی تاریخ میں آئیں۔