اسلام آباد (پاک صحافت) عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ قطر نے بھی پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا، وزیر اعظم کی سعودی عرب کی قیادت سے ملاقاتیں انتہائی سود مند ثابت ہوئی ہیں۔ پاکستانی معیشت تیزی کے ساتھ مستحکم ہو رہی ہے اور ملک میں سرمایہ کار بھی دلچسپی لینے لگے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری تیزی سے بڑھ رہی ہے، سعودی عرب کی سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہوگئی ہے جب کہ قطر نے بھی پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری سے متعلق ایم او یوز پر پیش رفت جاری ہے،سعودی عرب نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں ہماری بھرپور مدد کی جس پر ہم برادر ملک کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر فلسطینیوں کا مقدمہ لڑا ہے، سعودی عرب کی قیادت کے ساتھ بھی اسرائیلی مظالم پر گفتگو ہوئی ہے، فلسطین کے مسئلے پر وزیر اعظم پاکستان نے تقریر کی تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا، پاکستان فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، قطر نے پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، آئندہ چند دنوں بعد قطر کا وفد پاکستان کا دورہ بھی کرے گا، سرمایہ کاری سے ملکی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔