قتل و غارت کرنیوالے بلوچستان ہی نہیں، پورے پاکستان کے دشمن ہیں۔ وزیراعظم

شہباز شریف

اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قتل و غارت کرنے والے صرف بلوچستان ہی نہیں، پورے پاکستان کے دشمن ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ غزہ میں 42 دنوں کی جنگ بندی ہوئی، اللہ سے دعا ہے کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی ہو، غزہ جنگ کے دوران 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، شہروں کے شہر تباہ ہوگئے، پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے بھرپور آواز اٹھائی اور امدادی سامان بھی بھجوایا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں اب تعمیر نو کا مرحلہ بھی شروع ہونے والا ہے، جس میں پاکستان اپنا حصہ ڈالتے ہوئے فرض ادا کرے گا۔ کل گوادر ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن شروع ہوا ہے، گوادر ایئرپورٹ کا منصوبہ مکمل ہونا خوش آئند بات ہے، منصوبہ 230 ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل ہوا، گوادر پورٹ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین جیسے ملک نے اپنے وسائل سے پاکستان کو ایئرپورٹ جیسا تحفہ دیا، منصوبے سے بلوچستان اور پاکستانی معیشت کو فائدہ ہوگا۔ کچھ لوگ پاکستان کے ساتھ دشمنی پر اترے ہوئے ہیں، انہیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ قتل و غارت کر کے وہ نہ صرف بلوچستان کے عوام کے خلاف جا رہے ہیں بلکہ یہ پاکستان کے ساتھ صریحاً دشمنی ہے، پاکستان کے خلاف محاذ آرائی ملک دشمنی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے