فیض حمید کیس میں جوبھی ملوث ہوگا، کوئی بھی عہدہ یا حیثیت ہو اسکے خلاف کارروائی ہوگی، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی (پاک صحافت) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ فیض حمید کیس میں جوبھی ملوث ہوگا، کوئی بھی عہدہ یا حیثیت ہو اسکے خلاف کارروائی ہوگی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 8 ماہ میں دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خلاف 32 ہزار 173 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں آپریشنز کے دوران 90 خوارج کو واصل جہنم کیا گیا، جب سے افغانستان میں حکومت آئی ہے فتنہ الخوارج اور دہشتگردوں کی سہولتکاری بڑھ چکی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ 8 ماہ میں 193 بہادر افسران اور جوانو نے جام شہادت نوش کیا پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ ملک میں کوئی ایسا علاقہ نہیں جہاں دہشتگردوں کی عملداری ہو۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 25 اور 26 اگست کی رات بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کی گئیں، سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں 21 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ انکا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ بلوچستان میں احساس محرومی اور ریاستی جبر کا تاثر پایا جاتاہے، مگر وہاں بیانیے بنائے جاتے ہیں احساسی محرومی، جبر کا لیکن بلوچستان کو 520 ارب وفاق دے رہا ہے، بلوچستان حکومت 254 ارب روپے رائلٹی لیتی ہے اور معدنیات کے پروجیکٹ میں 80 فیصد بلوچستان کے لوگ ہیں، جو حقائق ہم نے آپکے سامنے رکھے اس کے بعد آپکو انکے بیانیے میں جھول نظر آئے گا جو غلط بیانیے بناتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج نا کسی جماعت کی مخالف ہے نا اسکا کوئی سیاسی ایجنڈا ہے، اگر فوج میں کوئی اپنے ذاتی فائدے کے لیے کسی مخصوص سیاسی ایجنڈے کو پروان چڑھاتا ہے تو خود احتسابی کا نظام حرکت میں آجاتا ہے اور ثبوت کی روشنی میں ذمہ داروں کو جواب دہ ہونا پڑتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے خلاف ٹاپ سٹی کیس میں درخواست وزارت دفاع کے زریعے موصول ہوئی، 12 اگست کو فوج نے آگاہ کیا کے ریٹائر آفیسر نے آرمی ایکٹ کی خلاف ورزیاں کی ہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی کے متعدد واقعات سامنے آئے جس پر کورٹ مارشل کی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں

عیدِ میلاد النبی ﷺ پر قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی چھوٹ کا اعلان

اسلام آباد (پاک صحافت) عیدِ میلاد النبی ﷺ پر قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی چھوٹ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے