لاہور (پاک صحافت) حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ فورسز ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے آج پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد پیش کی، جس میں پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں کو کوٹ مبارک، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے میں 2 مارچ کو خوارج دہشتگردوں کے گھات لگا کر کیے گئے حملے کو ناکام بنانے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ یہ قرارداد ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلی۔
ذرائع کے مطابق قرارداد میں کہا گیا کہ اس دلیرانہ کارروائی میں پولیس نے نہ صرف دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے بلکہ یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کی محافظ فورسز ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ایوان نے خوارج دہشتگردوں کے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ریاستی اداروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
ایوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خوارج دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ریاست اپنی پوری قوت کے ساتھ دہشتگردی کے اس فتنے کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔