اسلام آباد (پاک صحافت) وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت نے شہباز شریف کی قیادت میں مختصر وقت میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ان کی حکومت جمہوری استحکام کے لیے فوج کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن قائم کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت تمام مشکلات کے باوجود ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ تعلق ملک میں جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف اپنی مدت کے پورے 5 سال وزیرِ اعظم رہیں گے اور پاکستان کو ترقی یافتہ اور مضبوط ملک بنانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ڈالر کی قدر کو کم کرنے پر آئی ایم ایف کو اعتراض ہوتا ہے لیکن جیسے جیسے معیشت بہتر ہو گی، روپے کی قدر خود بخود مستحکم ہو جائے گی۔
فوج کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت اور فوج کے درمیان شاندار ورکنگ ریلیشن قائم ہے، جو جمہوری استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق کو مضبوط رکھنے کے لیے دونوں فریق اپنی ذمے داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور تمام چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔