راولپنڈی (پاک صحافت) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشن کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی قومی سلامتی مقدس ہے، فوج وطن کی حفاظت کیلئے ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی رہی اور رہےگی۔
تفصیلات کے مطابق جی ایچ کیو میں پاک فوج کی فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف افسران اور فارمیشن کمانڈرز نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے پاک فوج کو بدنام کرنے کی پروپیگنڈا مہم کانوٹس لیا جبکہ کانفرنس میں ادارے اور سوسائٹی کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی پراپیگنڈا مہم کا نوٹس لیا گیا۔ کانفرنس میں آرمی چیف نے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔