اسلام آباد (پاک صحافت) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے فلڈ رسپانس ایمرجنسی ہاؤسنگ پروجیکٹ کے لیے 30 ارب روپے کے اجراء کی منظوری دے دی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم آفس اور اسٹاف کالونی کےلیے 25 کروڑ 27 لاکھ روپے کی تکنیکی گرانٹ منظور کی گئی ہے، جس کا مقصد بلا تعطل شہری خدمات کی فراہمی کو یقینی بناناہے، یہ رقم وزارت داخلہ کی درخواست پر کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں وزارت دفاع کے لیے 1 اعشاریہ 8 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، رقم صدر، وزیراعظم کے سرکاری دوروں کےلیے استعمال ہونے والے 2 وی وی آئی پی جہازوں پر خرچ کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ای سی سی سے منظور شدہ فنڈ دونوں وی وی آئی پی طیاروں کے انجن کی مرمت کےلیے مختص کیا گیا ہے۔
ای سی سی اجلاس میں محکمہ امیگریشن اور پاسپورٹس کے لیے 2 ارب 93 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔ یہ رقم 2 ای پاسپورٹ پرسنلائزیشن سسٹمز اور 6 ڈیسک ٹاپ مشینوں کی خریداری پر خرچ ہوگی۔