فیصل آباد (پاک صحافت) رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ فرح گوگی پر 12 ارب کی ٹرانزیکشن ثابت ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے عالمی مالیاتی ادارے سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا، آئی ایم ایف کے ساتھ اس کی آڈیو بھی سامنے آچکی ہے۔ عمران خان کے دور میں فرح گوگی کو کھلی چھوٹ دی گئی، اُس خاتون پر 12 ارب روپے کی ٹرانزیکشن ثابت ہوچکی ہے۔
رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے 4 سالہ دور میں کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا اور ملنے والے تحفے بھی بازار میں بیچ دیے۔ عمران نیازی نے جعلی رسید بنا کر توشہ خانہ سے تحائف اٹھائے، پی ٹی آئی چیئرمین نے قوم کا ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں غلطیاں ہوئیں جس پر ایک نااہل کو مسلط کیا گیا۔ عمران خان جھوٹا اور نااہل شخص ہے اگر قوم نے دوبارہ دھوکا کھایا تو اس کی سزا بھگتنا پڑے گی۔ عمران خان نے دوسروں پر الزام لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا، پی ٹی آئی چیئرمین کے دور میں غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے۔