اسلام آباد (پاک صحافت) مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ غزہ کے معاملے پر او آئی سی کا اجلاس حماس کے بغیر نامکمل ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں غیر ملکی میڈیا نمائندگان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کی سر زمین کو تقسیم نہیں کیا جاسکتا، اسرائیل اور فلسطینی حالت جنگ میں ہیں، جنگ میں کوئی بھی اقدام کیا جاسکتا ہے، امریکا، برطانیہ فلسطین میں براہ راست اپنی فوجیں لے آئے، حماس کے ساتھ جنگ نہیں بلکہ براہ راست غزہ پرحملے کیے جا رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کو جنگی مجرم قرار دے کر جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا جائے، قضیہ فلسطین کے براہ راست فریق فلسطینی ہیں، ان کے بغیر کوئی حل ممکن نہیں، مسلم اُمّہ اپنے بھائیوں کے ساتھ ایسے نہیں کھڑی جیسے مغربی دنیا اسرائیل کے ساتھ ہے، آج انسانیت کا قتل ہو رہا ہے، بچوں بوڑھوں اور خواتین کو قتل کیا جارہا ہے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کا خواب بکھر گیا، دنیا کو ایک اور زاویے سے سوچنا ہوگا، اسرائیلی اس خطے میں فرعون کے جانشین ہیں ،موسی کے جانشین فلسطینی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کا اوّل روز سے موقف فلسطینیوں کی حمایت کا رہا ہے، بند کمروں میں فیصلے کرنے ہیں تو پھر عوام کی کوئی حیثیت نہیں، بھارتی میڈیا پر تعجب ہے کہ ان کو اتنی تکلیف کیوں ہے، اپنی سرزمین حاصل کرنے کی جدوجہد دہشت گردی ہے تو گاندھی جی کی جدوجہد کو کیا نام دیں گے، کیا یہ حق فلسطین کو نہیں دیں گے جن کی زمین پر قبضہ ہے؟ فلسطین فلسطینیوں کا ہے اور رہے گا، ہم جو حق اپنے لیے جائز سمجھتے ہیں وہ فلسطینیوں، افغانوں کے لیے بھی جائز سمجھتے ہیں۔