اسلام آباد (پاک صحافت) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری مظالم روکنے کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ترکیہ کے 101ویں قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ قومی دن پر ترکیہ کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کوبڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے عوام گہرے برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان ترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے۔
اسحاق ڈار کا اپنے خطاب میں غزہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام غیرمتزلزل رشتوں میں جڑے ہیں، پاکستان فلسطینی بھائیوں کے لیے دنیا کے ہر فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا، غزہ میں جاری مظالم روکنے کے لیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔