لاہور (پاک صحافت) سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ساڑھے تین سالوں میں غریب کے لئے کچھ نہیں کیا بلکہ ان کا جینا محال کردیا ہے۔ غریب دشمن حکومت کو کوئی ڈھیل نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ اور سود ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ وزیراعظم قوم کو دھوکہ دینا بند کریں۔ قوم آئی ایم ایف، ورلڈبینک، ایف اے ٹی ایف اور امریکا کی مزید غلامی برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ عالمی استعماری ایجنڈا نافذ کرنے والے حکمرانوں کو پرامن طریقے اور عوام کی طاقت سے گھر بھیجیں گے۔
سراج الحق کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا ای وی ایم کا منصوبہ دراصل ڈیجیٹل دھاندلی کی منصوبہ بندی ہے۔ پی ٹی آئی نے کشمیر کاز کے ساتھ دھوکا کیا اور کشمیر بھارت کو پلیٹ میں رکھ کر دے دیا گیا۔ کشمیریوں کو دھوکا دینے والے حکمرانوں کو قوم معاف کرے گی نہ تاریخ۔