اسلام آباد (پاک صحافت) ممکنہ طور پر عیدالفطر میں صرف آج کا دن باقی رہ گیا ہے جس کے باعث شاپنگ مالز اور بازاروں میں عوام کا رش بڑھ گیا۔
تفصیلات کے مطابق عیدالفطر پر مشن میچنگ آخری مرحلے میں داخل ہوگیا، کراچی اور لاہور سمیت مختلف شہروں کے بازاروں میں رات میں دن کا سماں ہے۔ جیولری، چوڑیوں اور جوتوں کی دکانوں پر رش بڑھتا جا رہا ہے، جھمکے اور فیری ہیلز والی جوتیاں خواتین کی اولین پسند ہیں جبکہ بچے بھی والدین کے ساتھ عید کی خریداری میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب عیدالفطر قریب آتے ہی بیوٹی پارلرز اور سیلونز پر رش بڑھ گیا، خواتین مہندی لگوانے، فیشل کرانے اور ہیر ڈرائی کرانے کیلئے بیوٹی پارلز کا رخ کر رہی ہیں جبکہ عید کی تیاری میں مرد بھی خواتین سے پیچھے نہیں رہے، عید پر اچھا نظر آنے کیلئے بال کٹوانے، کلینزنگ، فیشل، تھریڈنگ اور میک اوور کرانے میں مصروف ہیں۔
عید قریب آتے ہی بیوٹی پارلرز اور سیلون مالکان کے نخرے بھی آسمانوں تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیوٹی پارلرز اور سیلون مالکان کے کمال سے دوسروں سے منفرد نظر آسکتے ہیں۔