لاڑکانہ (پاک صحافت) نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام نااہل و نالائق عمران خان اور پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور اب ان سے نجات چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ مہنگائی کی چکی میں پسنے والی عوام حکومت سے فوری نجات چاہتی ہے مگر ن لیگ عمران خان کو حکومت کرنے کا مزید وقت دے کر کیا 2023ء کے انتخابات کا انتظار کر رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ مریم نواز عدم اعتماد کی تحریک اور ان ہاؤس تبدیلی کو اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی ہونے کا الزام عائد کرکے کیا خود اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر عمران خان کو مزید حکومت کرنے کے لیے آسان راستہ فراہم کر رہی ہیں۔
صدر پی پی پی سندھ نثار کھوڑو کا مزید کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات بل اور ای وی ایم مشین انتخابات سے قبل دھاندلی کی حکمت عملی ہے۔ شفاف انتخابات کرانا حکومت کی نہیں الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعتراضات کے باجود حکومت نے ای وی ایم مشین کا قانون منظور کرکے الیکشن کمیشن کی آزادی پر حملہ کیا ہے۔