اسلام آباد (پاک صحافت) حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ عمران وائرس پاکستانی شہریوں کے لئے کورونا وائرس سے بھی زیادہ نقصان دہ ہے جس سے نجات پانا پوری قوم کی اولین ذمہ داری ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما اور پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔ آئے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام سے خوشیاں تو کیا زندگی بھی چھین لی ہے، گھروں میں لوگ بے چین اور نفسیاتی مریض بنتے جارہے ہیں۔
حافظ حمداللہ کا مزید کہنا ہے کہ یہ فیصلے عمران خان آئی ایم ایف کے حکم پر کررہا ہے، یہ عوام کا نہیں آئی ایم ایف کا کارندہ ہے۔ عمران خان نے اسٹیٹ بینک کی خود مختاری بھی آئی ایم ایف کے حوالے کردی، وہ اسٹیٹ بینک جس کو قائداعظم ایک آزاد بینک بنانا چاہتے تھے عمران نیازی خود تو آئی ایم ایف کا غلام ثابت ہوا۔ پی ڈی ایم کے ترجمان نے کہا کہ اب اس نے پاکستان کی معاشی خود مختاری کو بھی آئی ایم ایف کی غلامی میں دے دیا ہے۔