اسلام آباد (پاک صحافت) رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ عمران نیازی نے اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے احتساب کا ڈرامہ رچایا جو اب ختم ہوچکا ہے۔ اب عوام کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام باہر نکلے اور اپوزیشن کا ساتھ دے اور اس حکومت کو باہر نکالے، ورنہ یہ کچھ عرصہ اور اقتدار میں رہے تو ناقابل تلافی نقصان ہوجائے گا۔ یہ ٹولہ ملک کو تباہی کی جانب لے جا رہا ہے، غریب اور تنخواہ دار طبقہ کیسے گزارہ کرے گا۔
رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان صحت مندانہ مقابلہ ہونا چاہئیے، پیپلز پارٹی کے پنجاب میں منظم ہونے سے ہمیں کوئی خطرہ اور اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح اس حکومت کو مسلط کرنے میں مدد دی گئی اسی طرح اس سے جان چھڑوانے میں بھی مدد کی جائے۔