اسلام آباد (پاک صحافت) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران نیازی نے ملک اور قوم کو ایک نیا منصوبہ بھی نہیں دیا بلکہ کرپشن، چوری اور لوٹ مار کے نئے ریکارڈ قائم کردئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر قوم سے خطاب کرنا چاہیے۔ عمران صاحب قوم کو بتائیں کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی کی چوری کی وجہ سے پاکستان میں آج کرپشن بڑھ چکی ہے آپ کی کرپشن، لوٹ مار کے نتیجے میں آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی سمیت کوئی چیز عوام خریدنے کے قابل نہیں رہی۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ 2013 سے 2018 کے درمیان ریکارڈ ترقی ہوئی، ریکارڈ شفافیت آئی وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک میں سی پیک آیا۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی، پاور پلانٹس، موٹرویز، پبلک ٹرانسپورٹ کے درجنوں منصوبے لگے اور کھربوں روپے کے منصوبوں کے ساتھ ملک میں کرپشن میں کمی بھی آئی، عمران صاحب نے ملک کو دھیلے کی ترقی نہیں دی۔