کراچی (پاک صحافت) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی نے اس ملک کے نظام کو تہس نہس کرنے کی سازشوں کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک جمہوری اور آئینی طریقے سے ایک نااہل، سلیکٹیڈ، عوام دشمن اور آئین شکن حکومت کا خاتمہ قومی اسمبلی سے ہوا ہے۔ اس وقت ملک کے 70 فیصد لوگوں کے ووٹوں کی نمائندگی کرنے والی سیاسی جماعتیں جو اس وقت حکومت میں ہیں جشن منا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ سعید غنی نے مزید کہا کہ نااہل، سلیکٹڈ، عوام دشمن اور آئین شکن حکومت کے خاتمے کی خوشی میں پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے تحت بروز جمعہ، رات 9.00 بجے، تین تلوار کلفٹن پر “جشن نجات” منایا جارہا ہے۔ سعید غنی نے کہا ہے کہ اس موقع پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا، عوام بالخصوص جمہوریت پسند عوام اور پارٹی کے کارکنوں سے اس جشن نجات کی تقریب میں شرکت کریں۔