نوشہرہ (پاک صحافت) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ عمران خان نے تبدیلی کے نام پہ عوام کو دھوکہ دیا ہے جبکہ ان کی تبدیلی عوام کے لئے تباہی ثابت ہوچکی ہے۔ پیپلزپارٹی عوام کو نجات دلائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے نوشہرہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو وارننگ ہے آپ کے گھبرانے کا وقت شروع ہوگیا، تیر کمان سے نکل چکا، تحریک انصاف کو گھر میں گھُس کر سیاسی شکست دیں گے۔ عمران خان عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کررہا ہے، عوام ان کی سازش ناکام بنائیں گے۔
بلاول بھٹو کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں عوام سے ان کے حقوق چھینے جارہے ہیں۔ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، عمران خان نے عوام کو روزگار دینے کے بجائے چھین لیا۔ وفاقی حکومت نے اسٹیل ملز کے 10 ہزار ملازمین کو گھر بھیج دیا، یہ لوگوں کو روزگار دینے کے بجائے ان سے روزگار چھین رہے ہیں۔ عمران خان نے 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کرکے لوگوں سے چھت چھین لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہر سازش کو ناکام کرائیں گے، پیپلزپارٹی کے جیالے عمران خان کو شکست دیں گے، اب عمران خان کے گھبرانے کا وقت شروع ہوچکا ہے۔