اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان واحد لیڈر ہے جس نے خیرات میں بھی کرپشن ایجاد کیا، ستر صفحات پر مشتمل فیصلہ عمران خان کے جھوٹ کرپشن چوری بددیانتی جیسے سیاہ کارناموں کا مستند دستاویز ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم ترجمان حافظ حمداللہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ان سیاہ کارناموں میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کا نام ای سی ایل میں شامل ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ حافظ حمداللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے اکبر ایس بابر کے لگائے گئے الزامات واضح طور پر ثابت ہوئے، آئین کے آرٹیکل سترہ اور باسٹھ ون ایف کے تحت عمران خان کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے نے ثابت کیا کہ تحریک انصاف فارن ایڈڈ اور امپورٹڈ پارٹی ہے۔