اسلام آباد (پاک صحافت) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کیا ہے۔ وہ عالمی فورمز پر ملکی بدنامی کا باعث بنے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عالمی فورمز پر جاکر کہتے ہیں کہ میرا ملک سب سے کرپٹ ہے۔ جس گھر کا سربراہ کہے کہ میرا گھر اجڑ گیا ہے تو اس کے ساتھ کوئی رشتہ نہیں جوڑے گا اور جس فیکٹری کا مالک کہے کہ میرا کاروبار دیوالیہ ہوگیا ہے اس کے ساتھ بھی کوئی کاروبار نہیں کرے گا۔
رہنما ن لیگ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے مسلم لیگ ن کی کردار کشی کرنے کے مقصد سے پاکستان کو بدنام کیا اور ملک کی کردار کشی کی ہے۔ پی ٹی آئی کی تین سال کی پالیسی نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ پاکستان کی قسمت بدلنے والے اقتصادی منصوبے سی پیک کو یکسر نظرانداز کیا گیا۔ سی پیک منصوبے کو متنازعہ بناکر اسے نقصان پہنچایا جارہا ہے۔