حیدرآباد (پاک صحافت) شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ اس وقت عمران خان کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ ملک اور اداروں کے خلاف گھناونی سازش کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پاک فوج، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کے خلاف سازش کررہا ہے، عمران خان پر پیمرا نے جو پابندی لگائی ہے وہ بہت کم ہے۔ عمران خان نے کل جس طرح ججز کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیا، ججز کو دھمکیاں دی، چیف جسٹس اس معاملے کا سوموٹو نوٹس لیں۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ شہباز گل کے خلاف وہاں کیا ہوا ہے یا نہیں ہوا لیکن عمران خان صرف جھوٹ بولتا ہے۔ یہ بدمعاشی کی سیاست ہضم نہیں ہوگی، یہ سب کے صبر کے پیمانے کو آزمارہا ہے۔ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے اور یہ شخص بھی قانون سے اوپر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے کہا ہے سندھ بھر میں بارش کے بعد جن اضلاع کو بھی ضرورت ہوگی ان کو فنڈ فراہم کئے جائیں گے۔