لاہور (پاک صحافت) عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے وزیراعلی ہاوس پنجاب سے 6 ٹرکوں میں سامان نامعلوم مقام پر شفٹ کرایا ہے، جس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ عثمان بزدار ساڑھے تین سال پنجاب کے خزانے پر سیر سپاٹے کرتے رہے۔ بزدار صاحب یہ کسی کے باپ کا مال نہیں سرکاری ریکارڈ ہے۔ عظمی بخاری نے عثمان بزدار کے خلاف وزیراعلیٰ ہاوس کا سامان چوری کرانے کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کردیا ہے۔
عظمی بخاری کا مزید کہنا ہے کہ اگر آپ معصوم ہیں تو لیب ٹاپ، کیمروں کی فوٹیج ڈیلیٹ کیوں کی؟ وزیراعلیٰ ہاوس کا ریکارڈ پنجاب کے عوام کی امانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص کے پاس سائیکل نہیں تھی وہ آج ارب پتہ بن گیا ہے، بزدار صاحب ابھی تک آپ نے ملتان میں کروڑوں روپے کے خریدے گھر اور بہت ساری بے نامی جائیدادوں کا حساب بھی دینا ہے۔