اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی نے مخلوق کی خدمت کرکے اللہ رب العزت کی خوشنودی حاصل کی، اللہ تعالیٰ انسانیت کے اس بے لوث خادم پر اپنی رحمتوں کا نزول فرمائے۔ خیال رہے کہ رہے کہ بابائے خدمت ‘عبدالستار ایدھی’ کو ہم سے بچھڑے چھ برس بیت گئے۔
تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی فخر پاکستان ہیں جنہوں نے تمام عمر انسانیت کی پرخلوص خدمت میں گزار دی، یتیموں، بے سہاروں کا سرپرست بن کر انہوں نے معاشرے کو بے آسرا ہونے سے بچایا اور بے سہاروں کا سہارا بنے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مرحوم عبدالستار ایدھی اور مرحومہ بلقیس ایدھی کا خدمت خلق کا مشن جاری ہے جو ان کے لئے صدقہ جاریہ ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے وابستگان کو صبر جمیل دے۔ آمین