اسلام آباد (پاک صحافت) الیکشن کمیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عام انتخابات ہر صورت 8 فروری کو ہی ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، سیکیورٹی چیلنجز موجود ہیں تاہم الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے، انتخابات میں رخنہ ڈالنے اور امن و امان کی صورت حال خراب کرنے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، اس سلسلے میں کسی سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا دہشت گردی، سیکیورٹی کے چیلنجز اور انتخابی عمل کو متاثر کرنے والے واقعات کے باوجود الیکشن کا عمل نہیں رکے گا۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور الیکشن کمیشن کے دفاتر اور سیاسی جلسوں پر حملوں کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، کسی کو وہم یا گمان نہیں ہونا چاہیئے۔
اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی انتخابی عمل کی سب سے بڑی دشمن ہے، عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے ضروری حفاظتی انتظامات لیے جائیں گے، سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور ووٹرز کو بلا خوف خطر انتخابی مہم کے لیے ساز گار ماحول فراہم کیا جائے گا۔