اسلام آباد (پاک صحافت) حافظ حمداللّٰہ نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے مدارس بل پر دستخط کرنے سے پارلیمنٹ کی بالادستی ثابت ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق حافظ حمداللّٰہ نے دینی مدارس بل پر صدر کے دستخط پر ردعمل دیا اور کہا کہ بل پر دستخط سے دینی حلقوں میں آصف زرداری کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کے مدارس بل پر دستخط کرنے سے پارلیمنٹ کی بالادستی بھی ثابت ہوگئی، اس معاملے پر صدر آصف علی زرداری کے مشکور ہیں۔
حافظ حمداللہ کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمان کے بنائے ہوئے قانون پر دستخط سے مولانا فضل الرحمان کا موقف تسلیم کیا گیا۔ قوم جے یو آئی کارکنان اور مدارس مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے بھی مدارس معاملے میں آخرکار مثبت کردار ادا کیا، وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کا مدارس معاملے میں مثبت کردار قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور دینی مدارس کے قائدین کی کوششوں سے یہ معرکہ سر ہوا۔ دینی مدارس کی ملک میں ان گنت خدمات ہیں جنہیں نظرانداز کرنا ناانصافی ہوگی۔