صدر پاکستان، چیئرمین پی پی اور سندھ کی اعلی قیادت کا تاج حیدر کے انتقال پر اظہار افسوس

کراچی (پاک صحافت) صدر پاکستان، چیئرمین پیپلز پارٹی، گورنر سندھ، وزیر اعلی سندھ، وزیر اطلاعات سندھ اور چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ و دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بیان میں کہا کہ مرحوم تاج حیدر پاکستان پیپلز پارٹی کا اہم اثاثہ تھے، وہ پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنوں میں سے ایک تھے، تاج حیدر کے انتقال سے پیپلز پارٹی اہم سیاسی رہنما سے محروم ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ دہائیوں پر محیط سینیٹر تاج حیدر کی سیاسی، سماجی اور ادبی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تاج حیدر تہذیب اور شائستگی کا ایک باوقار پیکر اور تخلیقی ذہن کے مالک تھے، تاج حیدر کی جمہوریت کےلیے جدوجہد اور قربانیاں نئی نسل کےلیے ایک مشعل راہ ہیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم تاج حیدر کی سیاسی و عوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ تاج حیدر کی وفات سے ان سمیت تمام کارکنان کو دلی صدمہ پہنچا، تاج حیدر نے ہمیشہ جمہوریت اور عوامی خدمت کے لیے جدوجہد کی۔

وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی بحالی اور استحکام کےلیے سینیٹر تاج حیدر نے اپنی پوری زندگی وقف کردی۔ پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور کا اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ تاج حیدر مرحوم پارٹی قیادت اور جیالوں کی دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے